ہندوستان نے ٹی۔۲۰؍سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی،ابھیشیک شرما کی ہاف سنچری،ارش دیپ سنگھ نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں،یانسن کی طوفانی اننگز رائیگاں۔
EPAPER
Updated: November 15, 2024, 1:25 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
ہندوستان نے ٹی۔۲۰؍سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی،ابھیشیک شرما کی ہاف سنچری،ارش دیپ سنگھ نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں،یانسن کی طوفانی اننگز رائیگاں۔
ہندوستانی ٹیم نے سنچورین میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ۔۲۰؍ میچ میں جنوبی افریقہ کو۱۱؍ رنوں سے شکست دے کر ۴؍ میچوں کی سیریز میں ایک کے مقابلے ۲؍میچوں کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ گزشتہ رات کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے تلک ورما کی سنچری اور ابھیشیک شرما کی نصف سنچری کی بنیاد پر ۲۱۹؍ رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا۔ جواب میں میزبان جنوبی افریقہ کی ٹیم صرف ۲۰۸؍رن ہی بنا سکی اور ہندوستانی ٹیم نے میچ ۱۱؍رنوں سے جیت لیا۔ اس سے قبل ڈربن میں ہندوستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے دوسرا میچ جیت کر سیریز میں ایک ایک کی برابری حاصل کر لی تھی۔
یانسن نے بلے سے جوش پیدا کیا
جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر مارکو یانسن نے میچ کے آخری مرحلے میں اپنی بلے بازی سے جوش و خروش پیدا کر دیا تھا۔ یانسن نے صرف ۱۶ ؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے نصف سنچری بنا کر ہدف سے پیچھے رہنے والی جنوبی افریقی ٹیم کو ہدف کے بہت قریب پہنچا دیا تھا۔ جنوبی افریقہ کو آخری ۱۲؍ گیندوں پر ۵۰؍رن درکار تھے۔ کپتان سوریہ کمار یادو نے ہاردک پانڈیا کو گیند سونپی لیکن اس اوور میں یانسن نے ۲؍ چوکے اور ۳؍چھکے لگا کر مجموعی طور پر ۲۶؍رن بنائے۔ آخری اوور کرنے آئے ارش دیپ کے خلاف بھی یانسن نے دوسری گیند پر چھکا لگا کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا لیکن اگلی ہی گیند پر وہ ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور ہندوستان نے میچ۱۱؍رنوں سے اپنے نام کر لیا۔
تلک ورما سنچری بنانے والے کم عمر بلے باز
اس سے قبل، ہندوستانی اوپنر ابھیشیک شرما (۵۰) کی شاندار نصف سنچری کے بعد سنچورین میں تلک ورما (۱۰۷؍ناٹ آؤٹ) کا بلہ خوب چلا اور ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف ۲۱۹؍ رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ ٹی۔۲۰؍میچ میں یہ تلک ورما کی پہلی سنچری ہے۔ اس سنچری اننگز میں تلک ورما نے ۸؍ چوکے اور ۶؍ چھکے بھی لگائے۔ ۲۲؍ سالہ تلک ورما ٹی۔۲۰؍انٹرنیشنل میں ٹاپ ۱۰؍ ٹیم کے خلاف سنچری بنانے والے سب سے کم عمر بلے باز بھی بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ ۲۲؍سال ۵؍دن کی عمر میں انجام دیا۔
ابھیشیک نے بھی واپسی کی
ٹاس جیتنے کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے ایک بار پھر گیند بازی کا انتخاب کیا لیکن ان کا یہ اقدام کامیاب نہیں رہا۔ پہلے ٹی ۔ ۲۰؍ میں سنچری بنانے والے سنجو سیمسن بھلے ہی لگاتار دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے ہوں لیکن اس کے بعد کپتان سوریہ کمار یادو اور کوچ وی ایس لکشمن کا تیسرے نمبر پر تلک ورما کو بھیجنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ انہوں نے اوپنر ابھیشیک شرماکے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے ۵۰؍ گیندوں میں ۱۰۷؍رنوں کی شراکت داری کرکے مضبوط بنیاد رکھی۔ ابھیشیک بھی پہلے ۲؍میچوں میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔ زمبابوے کے خلاف سنچری بنانے والے ابھیشیک نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی اننگز کے دوران ۳؍ چوکے اور ۵؍ چھکے لگائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد رن ریٹ کچھ سست ہوگیا لیکن ہاردک پانڈیا اور پھر تلک ورما نے دھماکہ خیز بلے بازی کی اور رن ریٹ پر زیادہ اثر نہیں ہونے دیا۔
سوریہ اور رنکو کی کشمکش جاری
اس سیریز میں ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو کا بلہ ابھی تک نہیں چلا ہے۔ بدھ کو وہ نمبر ۳؍ کے بجائے چوتھے نمبر پر اترے لیکن ان کا یہ فیصلہ بھی کارگر نہ ہوا۔ ایک بار پھر وہ ڈبل فیگر کو چھو نہیں سکے۔جارح فنشر کے طور پر مشہور رنکو سنگھ کا بھی یہی حال تھا۔ وہ مسلسل تیسرے میچ میں جدوجہد کرتے نظر آئے۔
سیمسن پھر فلاپ
سری لنکا کے خلاف لگاتار ۲؍ میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد لگاتار ۲؍ سنچریاں بنانے والے ٹیم انڈیا کے اوپنر وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن ایک بار پھر فلاپ ہوگئے۔ پہلے میچ میں سنچری بنا کر ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کرنے والے سنجو سیمسن دوسرے ٹی۔۲۰؍ میچ کے بعد بھی سنچورین میں اپنا کھاتہ نہیں کھول سکے۔
چند اعداد و شمار
۲؍رمن دیپ سنگھ ہندوستان کے دوسرے ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے اپنے ٹی۔۲۰؍ڈیبیو میچ کی پہلی ہی گیند پر سکسر مارا ہے۔ان سے قبل ۲۰۲۱ء میں سوریہ کمار انگلینڈ کے خلاف سکسر مار چکے ہیں۔
۵؍ٹیم انڈیا کے بلے باز سنجو سیمسن جنوبی افریقہ کیخلاف لگاتار دوسری بار صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔اس سال وہ ۵؍مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ہیں ۔یوسف پٹھان(۲۰۰۹ء) اور روہت شرما(۲۰۱۸ء) ایک سال میں ۳؍ مرتبہ ٹی۔۲۰؍میچوں میں صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔
۱۶؍جنوبی افریقہ کے بلے باز مارکو یانسن نے۱۶؍گیندوں پر ہاف سنچری بنائی۔ وہ ہندوستان کے خلاف ٹی۔۲۰؍انٹرنیشنل میں سب سے تیز ہاف سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ان سے قبل آسٹریلیا کے کیمرون گرین اور سری لنکا کے دسن شناکا نے ۱۹؍ گیندوں پر ٹیم انڈیا کے خلاف ہاف سنچری اسکور کی تھیں۔
۹۲؍ٹیم انڈیا کے گیندباز ارش دیپ سنگھ کی۵۹؍ ٹی۔۲۰؍میچوں۹۲؍وکٹیں ہو گئی ہیں۔ایسا کرنے والے وہ ہندوستان کہ دوسرے گیندباز ہیں۔یزویندر چہل نے ۷۹؍ میچوںمیں ۹۶؍وکٹیں لی ہیں۔